لانگ مارچ کی تیاریاں، عمران خان نے ملاقاتیں شروع کر دیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے لانگ مارچ کی تیاری کے لیے ملاقاتیں شروع کر دیں ہیں ۔ اس حوالے سے عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی کا پارٹی اہم رہنمائوں کیساتھ اہم اجلاس بھی ہوا جس میں پرویز خٹک ، علی امین گنڈا پور ، وزیراعلی کے پی کے محمود خان سمیت اسد عمر نے بھی شرکت کی ہے ۔

خیبرپختونخوا سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹ اور تحصیل ناظمین و ٹکٹ ہولڈرز بھی شریک ہیں۔اجلاس میں احتجاج کی کال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی ۔ دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت معیشت کے زوال کو روکنے میں ناکام رہی، امپورٹڈ حکومت بغیر کسی سمت کے چل رہی ہے اور امپورٹڈ حکومت نے صرف ایک اور این آر او کے لیے اپنے مقاصد حاصل کیے، جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرعمران خان نے لکھا کہ ہمارے دور میں معاشی ترقی کی شرح 6 فیصد تھی اور ہمارے دور میں زراعت، تعلیم، معیشت کی ترقی ہوئی اور روزگار کے مواقع بڑھ گئے تھے،انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو غیر معمولی افراط زر کا سامنا ہے اور پاکستان میں مہنگائی سے ہر شخص متاثر ہو رہا ہے،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں ڈالر روپے کے مقابلے میں مضبوط ہو رہا ہے۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ امپورٹڈ حکومت ایک مستحکم معیشت وراثت میں ملنے کے باوجود معیشت کے زوال کو روکنے میں ناکام رہی،انہوں نے کہا کہ اقتصادی سروے میں ہماری اقتصادی کارکردگی کو ملک کی 70 سالہ تاریخ کی بہترین کارکردگی قرار دیا۔

Leave a Comment